31 جنوری 2013
وقت اشاعت: 7:47
کراچی میں دہشتگردی کی لہر،11افراد ہلاک
اے آر وائی - کراچی میں قتل وغارت گری کا سلسلہ جاری ہے اور رات سے اب تک گیارہ افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ تین بوری بند لاشیں بھی ملی ہیں۔
کراچی میں بوری بند لاشیں ملنے اور ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ نہ رک سکا، نرسری کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تین افراد شدید زخمی ہو گئے جس میں سے دو افراد اسپتال منتقل کرنے ہوئے اپنے جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک شدید زخمی ہے۔ فائرنگ کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی ہے جس کے بعد پولیس اور رینجرز کی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق بلدیہ ٹاون کےعلاقے قائم خانی کالونی سے تین افراد کی بوری بند لاشیں ملیں مقتولین کی شناخت عرفان اسلام، امجد فاروق اور محمد جمیل سے ناموں سے ہوئی۔ تینوں افراد کو بدھ کے روز مومن آباد سے اغوا کیا گیا تھاجس کی ایف آئی آر مومن آباد تھانے میں درج کرائی گئی تھی مقتولین کو اغوا کے بعد سر پر گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔
پاک کالونی، نیپئر اور سبزی منڈی کے علاقوں سے بھی تین لاشیں ملیں، دوسری جانب لانڈھی پانچ نمبر گوشت مارکیٹ کے قریب ڈکیتی میں مزاحمت پر پچیس سالہ دانش کو فائرنگ کرکے قتل کر دیاگیا،لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، پولیس اور رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں جگہ جگہ ناکے لگا کراسنیپ چیکنگ شروع کردی ہے۔