31 جنوری 2013
وقت اشاعت: 17:29
میٹرو بس پراجیکٹ کا افتتاح 10 فروری کو ہوگا،شہباز شریف
اے آر وائی - وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مفاد عامہ کے عظیم الشان منصوبے میٹرو بس پراجیکٹ کا 10 فروری کو افتتاح کیا جا رہا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے 40 ہزار جانوں کی قربانی دی ہے۔
لاہور میں میٹرو بس منصوبہ کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ بس پراجیکٹ کے افتتاح کا دن پاکستان کی تاریخ کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستان کی 65 سالہ تاریخ میں میٹرو بس پراجیکٹ جیسا عوامی منصوبہ نہیں بنایا گیا جسے 11 ماہ کی قلیل مدت میں تعمیر کیا گیا ہو۔
وزیراعلیٰ سے ہنگری کے سفیر اسٹوان سابو نے بھی ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہنگری کو سٹیل ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ میں مہارت حاصل ہے، پاکستان میں سٹیل انڈسٹری کے پھلنے پھولنے کے وسیع مواقع موجود ہیں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال اطمینان بخش ہے۔ غیرملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے سلسلے میں خصوصی مراعات اور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں. وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دہشت گردی، توانائی اور کرپشن جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے 40 ہزار جانوں کی قربانی دی ہے۔
ہنگری کے سفیر کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں جمہوری اداروں کے استحکام کے حامی ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان نے بہت زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ پنجاب حکومت کے ساتھ معاشی سرگرمیوں اور تجارت کا فروغ چاہتے ہیں۔