1 فروری 2013
وقت اشاعت: 15:57
کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کاسلسلہ نہ تھم سکا،سات افراد جاں بحق
اے آر وائی - کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کاسلسلہ نہ تھم سکا، فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں سات افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ رینجرز نے لیاری میں ٹارگٹڈ آپریشن کرکےجرائم کی دیگر وارداتوں میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ کراچی میں آج بھی ٹارگٹ کلنگ جاری رہی ۔
سہراب گوٹھ فلائی اوور پر مسلح افرادنے کار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تیس سالہ مدثر نامی شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا ۔۔اورنگی ٹاؤن میں بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نوجوان زندگی کی بازی ہارگیا۔ کے ایم سی ورکشاپ کے قریب دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو موت کی نیند سلا دیا ۔
گبول ٹاون میں گھات لگائے ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا ۔ سکھن تھانے کی حدود بھینس کالونی کے قریب جھاڑیوں سے کئی روز پرانی تیس سالہ شخص کی تشدد زدہ لاش ملی ۔ بلدیہ کے علاقے موچکو میں فائرنگ سے اسمعیل نامی شخص ہلاک ہو گیا ۔ لیاقت آباد میں ڈاکخانے کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جان سے گیا ۔
دوسری جانب رینجرز نے لیاری کے علاقے نیاآباد میں ٹارگٹڈ آپریشن کرکے جرائم کی دیگر وارداتوں میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔ ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد ہوئی ہے ۔