9 جون 2013
وقت اشاعت: 7:47
بالی ووڈ اداکارہ سونم کپورکی 28ویں سالگرہ
جیو نیوز - ممبئی …این جی ٹی …معروف ہدایتکارسنجے لیلا بھانسالی کی فلم سانوریا سے بالی ووڈ فلم نگری میں قدم رکھنے والی اداکارہ اور معروف اداکار انیل کپور کی بیٹی سونم کپورآج 28ویں سالگرہ منارہی ہیں۔9جون 1985کو بھارتی ریاست مہارشٹرا کے شہر ممبئی میں پیدا ہونے والی سونم نے بالی ووڈ میں شمولیت فلمساز و ہدایتکار سنجے لیلا کی بلاک بسٹر فلم ’بلیک‘میں ان کی معاون کی حیثیت سے اختیار کی۔ بحیثیت اداکارہ بالی ووڈ میں ان کی آمد فلم سانوریا سے ہوئی جس میں ان کے مدِ مقابل رنبیر کپور نے مرکزی کردار ادا کیاتھا، فلم باکس آفس پر خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کرسکی لیکن سونم کی کارکردگی کو ناقدین کی جانب سے بے حد پذیرائی حاصل ہوئی۔اس کے بعد سونم نے Delhi 6، عائشہ، آئی ہیٹ لو اسٹوریز، تھینک یو، موسم اور پلےئرز جیسی فلموں میں کام کیا جن میں سے کوئی بھی انہیں باکس آفس پر بہترین ہیروئن ثابت کرنے میں ناکام رہی۔ بالی ووڈ میں بہترین فیشن سینس کے حوالے سے منفرد پہچان رکھنے والی سونم کپور ایک طرف اپنے فلمی کیریئر سے دلبرداشتہ ہونے کے بعد فیشن ڈیزائننگ کے شعبے میں قسمت آزمائی کرتی نظر آرہی ہیں وہیں جلد ہی ان کی دو نئی فلمیں”رانجھنا“ اور”بھاگ ملکھا بھاگ“ سینما گھروں کی زینت بننے والی ہیں جن سے ناقدین سمیت خود سونم کی بھی اُمیدیں وابستہ ہیں۔