18 جون 2013
وقت اشاعت: 8:52
بالی ووڈ فلم’بھاگ مِلکھا بھاگ‘کے گانے“مستوں کا جُھنڈ“کی وڈیو ریلیز
جیو نیوز - ممبئی …این جی ٹی …معروف بھارتی ایتھلیٹ مِلکھا سنگھ کی زندگی کی حقیقی کہانی پر بنائی گئی فرحان اختر اور سونم کپور کی فلم”بھاگ مِلکھا بھاگ“کے نئے گانے”مستوں کا جُھنڈ“کی وڈیوجاری کردی گئی ۔پرسوں جوشی کے تحریر کردہ ”مستوں کا جھنڈ“کے بولوں پر مبنی اس گانے کومعروف پلے بیک سنگروشال ڈالڈانی اور دیویا کمار کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے جس میں ہیرو فرحان اختر اپنے فوجی ساتھیوں کیساتھ مستی کرتے نظرآرہے ہیں جبکہ گانے سمیت فلم کی موسیقی موسیقار ٹرائیو شنکر احسان لوئے نے ترتیب دی ہے۔ ہدایتکار راکیش اوم پرکاش مہرا کی اس فلم کے لیے مِلکھا سنگھ نے اپنی زندگی کی کہانی صرف ایک روپے کے عوض فروخت کی ہے جس میں فرحان اختر مِلکھا سنگھ کے کردار کو نبھارہے ہیں جس کے لیے انہوں نے نا صرف خصوصی گیٹ اپ کیا ہے بلکہ ایک ایتھلیٹ کی طرح گراؤنڈ میں بھرپور تیاری کا مظاہرہ بھی کیا ہے۔ ہدایتکار اوم پرکاش مہرا نے اس فلم کو خود ہی پروڈیوس کیا جس میں مرکزی کرداروں کے لیے فرحان اختر کے ساتھ سونم کپور کا چناؤ کیا گیا جبکہ مِلکھا سنگھ کی بیان کی گئی کہانی کو پرسون جوشی نے فلمی انداز میں تحریر کیا ہے۔ شنکر احسان لوئے کی موسیقی لیے یہ فلم12جولائی کو سینما گھروں کی زینت بنائی جائیگی۔واضح رہے کہ فلم کا نام ایتھلیٹ مِلکھا سنگھ کے والد کے آخری الفاظ جو انہوں نے تقسیم ہند کے موقع پر کہے تھے کہ“بھاگ مِلکھا بھاگ“ہی رکھا گیا ہے جبکہ اس سے حاصل ہونے والا پورا منافع ضرورت مند ایتھلیٹس کی مدد کے لیے وقف کردیا جائیگا۔