14 فروری 2013
وقت اشاعت: 12:33
فریحہ پرویز کے اعزاز میں تقریب،فنکاروں اور سیاستدانوں کی شرکت
جیو نیوز - کراچی…اختر علی اختر…پتنگ باز سجناں سے بین الاقوامی شہرت حاصل کرنے والی نامور گلوکارہ فریحہ پرویز نے کہا ہے کہ صوفیانہ کلام کا جادو پوری دنیا میں چل رہا ہے، صوفیانہ کلام گا کر روحانی سکون ملتا ہے، جب بھی کراچی میں پرفارم کرتی ہوں تو زبردست رسپانس ملتا ہے، کراچی والے موسیقی کے دلدادہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سماجی تنظیم ”حیات“ کی جانب اپنے اعزاز میں منعقدہ پروقار تقریب کے موقع پر خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ نامور ہدایتکارہ اور اداکارہ زیبا بختیار، ممبر قومی اسمبلی اور پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری، ٹیلی ویژن کے نامور اداکار آصف رضا میر، نوجوان فنکار ٹیپو اور آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی خازن ڈاکٹر ہما میر نے تقریب میں خصوصی شرکت کی اور فریحہ پرویز کی آواز کو سراہتے ہوئے ان سے پتنگ باز سجناں سمیت دیگر مقبول گانے فرمائش کر کے سنے۔ گلوکارہ فریحہ پرویز نے تقریب کا انعقاد کرنے پر منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں فنکاروں کی زندگی میں پذیرائی اور تقریبات کا انعقاد کرنے کی روایت قائم کرنا ہو گی۔ ممبر قومی اسمبلی شازیہ مری کا کہنا تھا کہ کراچی کے حالات میں اس طرح کی ثقافتی تقریب کا انعقاد نہایت خوش آئند بات ہے، ہماری حکومت نے ہمیشہ ثقافتی سر گرمیوں کو فروغ دیا ہے۔ تقریب کی کمپےئرنگ ڈاکٹر ہما میر نے دلکش انداز میں کی ۔انہوں نے فریحہ پرویز کے فن و شخصیت کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔