16 فروری 2013
وقت اشاعت: 13:54
کراچی لٹریچر فیسٹیول کا دوسرا دن، شاعروں،ادیبوں کا میلہ لگ گیا
جیو نیوز - کراچی…اخترعلی اختر…کراچی میں چوتھا سالانہ لٹریچرفیسٹیول کا آغاز ہوگیا، نامورشاعر، ادیب اوردانشوروں کا میلہ لگ گیا۔ دو روز سے جاری ادبی میلہ اتوارتک جاری رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی جانب سے مقامی ہوٹل میں جاری تین روزہ لٹریچرفیسٹیول میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔جمعے کوپہلے روز بارش کے باوجود بھی میلے کا سماں رہا،ہفتے کو دوسرے روز بھی یہی صورتحال ہے۔ بھارت کے نامورادیب، پروفیسر شمیم حنفی، ممتاز ناول نگار، انتظار حسین، معروف سفرنامہ نگار، مستنصر حسین تارڑ،ممتاز شاعر، امجد اسلام امجد، افتخارعارف، امرجلیل، ممتاز سماجی رہنما، عبدالستار ایدھی اوردنیا کے مختلف ممالک سے آئے ہوئے ادیبوں اوردانشوروں کی شرکت نے فیسٹیول میں چار چاند لگا دئیے۔ تین روزہ فیسٹیول میں درجنوں نشستیں، کتابوں کی رونمائیاں، مذاکرے اورمشاعرے کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔ امجد اسلام امجد نے اس موقع پر بتایاکہ آج کے اس شاندار فیسٹیول میں بھارتی نغمہ نگار،گلزار کی کمی محسوس کی جارہی ہے، اگروہ کراچی آتے توفیسٹیول میں مزید چار چاند لگ جاتے۔ مستنصرحسین تارڑ نے کاکہنا تھا کہ آج کا دن میری زندگی میں بہت اہمیت رکھتا ہے، اتنی بڑی تعداد میں دانشوروں اور ادیبوں کو دیکھ کر دل خوش ہوا ہے، فیسٹیول کے شرکاء دن بھر اپنی پسندیدہ شخصیات کے ساتھ تصویریں بنواتے رہے۔