9 مارچ 2013
وقت اشاعت: 9:53
شادی سے میری شہرت میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی:آمنہ شیخ
جیو نیوز - کراچی…اختر علی اختر…ٹیلی ویژن ڈراموں کی معروف اداکارہ و ماڈل آمنہ شیخ نے کہا ہے کہ جیو فلمز اور ترنگ ہاؤس فل کی نئی فلم ”ارمان“ میں لیڈنگ رول کر رہی ہوں۔ یہ فلم ہمارے چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کی سپر ہٹ فلم ”ارمان“ کا ہی ری میک ہے۔ میں نے زیبا بیگم کا کردار نبھایا ہے۔ فلم کے ڈائریکٹر انجم شہزاد ہیں۔ انہوں نے ہمیں پرانی فلم دیکھنے سے منع کیا تھا، تاکہ ہم نئے انداز سے پُرفارمنس دے سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کیٹ واک کے تحت کلفٹن میں منعقدہ فیشن شو کے موقع پر خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ آمنہ شیخ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ پرانی فلم ”ارمان“ کی کاسٹ میں زیبا بیگم، وحید مراد، روزینہ اور دیگر فنکاروں نے کام کیا تھا جبکہ اب نئی ”ارمان“ میں میرے ساتھ فواد خان ہیرو کا کردار نبھا رہے ہیں۔ دیگر فنکاروں میں ماہ نور خان، واسع چوہدری اور جہاں زیب خان شامل ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں آمنہ شیخ نے بتایا کہ ”میرے مقبول ڈراموں میں ”دِل ناداں“، ”دام“، ”عشق گمشدہ“، ”ہم تم“، ”اڑان“، ”میرا سائیں“، ”میں عبدالقادر ہوں“، ”اک ہتھیلیپہ حنا ،اک ہتھیلی پہ لہو“، ”کچھ کمی سی ہے“، ”مورا پیا“ اور ان دنوں جیو سے مقبول ہونے والا ڈراما ”مراة العروس“ شامل ہیں۔ میں 29/اگست کو نیو یارک میں پیدا ہوئی۔ 2005ء میں محب مرزا سے شادی ہوئی۔ میں نے شادی سے پہلے ہی تھیٹر پر کام کرنا شروع کر دیا تھا۔ امریکا کی ریاست میسا چوسٹس کے ایک کالج سے فلم اور ٹی وی پروڈکشنز میں گریجویشن کیا۔ ایک سوال کے جواب میں آمنہ شیخ نے بتایا کہ میں میگزین اور پروڈکٹس کے لیے ماڈلنگ کرتی ہوں۔ فیشن شوز میں ریمپ پر کیٹ واک نہیں کرتی۔ اداکاری اور ماڈلنگ دونوں کو ساتھ لے کر چل رہی ہوں۔ میں اکثر ڈاکٹر اور مصور بننے کے بارے میں سوچا کرتی تھی۔ لیکن اداکارہ بن گئی۔ شادی سے میری شہرت میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی۔