29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ابلاغی ادار وں کی بہتری کے لیے پروفیشنل کا ہونا ضروری ہے،شرجیل میمن
جنگ نیوز -
کراچی …سندھ کے وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ ذرائع ابلاغ کے اداروں کی بہتری کے لئے ضروری کے ہے وہاں کام کرنے والے افراد پیشہ ورانہ مہارت کے حامل ہوں ۔ انہوں نے یہ بات کراچی میں میڈیا کے شعبے میں مکمل تربیت فراہم کرنے والے ادارے آواز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیا سائنسز کے دورے کے موقع پر کہی ۔ صوبائی وزیر شرجیل میمن کا کہنا تھا ایمز (آواز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیا سائینسز ) میں جدید ٹیکنالوجی کے مطابق میڈیا ایجوکیشن کے لئے کئے جانے والے انتظامات قابل تعریف ہیں ۔ انسٹی ٹیوٹ کے دورے کے موقع پر انتظامی امور کے سربراہ مظہر عباس ،آئی ٹی انچارج رضا احمد اور نیوز روم کے انچارج ناصرمحمود نے اُنہیں ادارے میں جاری تعلیمی سرگرمیوں اور میڈیا ایجوکیشن کو پیشہ ورانہ مہارت کے مطابق بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدام سے آگاہ کیا ۔ صوبائی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ملک میں میڈیا کی صنعت تیزی سے فروغ پارہی ہے لہذا مستقبل کے صحافیوں کی تربیت کے لئے اس طرح کے تعلیمی اداروں کی کمی محسوس کی جارہی تھی اور اس خلا کو پر کرنے میں AIMS اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا جہاں ذرائع ابلاغ کے شعبے میں وسیع تجربہ رکھنے والے سینئر اساتذہ اور میڈیا میں خدمات انجام دینے والے صحافیوں کوایک ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ہے ۔ شرجیل میمن نے ادارے میں موجود جدید سہولتوں کی تعریف کی اور اس ادارے کے قیام کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔ آواز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیا سائینسز کو ایک غیر سرکاری تنظیم پاک سینٹر فار سوشل ڈیویلپمنٹ کے زیر انتظام قائم کیا گیا جہاں بی ایس ابلاغ عامہ کے چار سالہ کورس کے علاوہ مختصر دورانئے کے کورسز کا اہتمام کیا گیا ہے بی ایس کا پروگرام جامعہ کراچی سے الحاق شدہ ہے جس کی کلاسوں کا سلسلہ انسٹی ٹیوٹ میں جاری ہے ۔