29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
متنازع وکٹ کیپر ذوالقرنین حیدر کی ایک اور وڈیو منظر عام پر
جنگ نیوز -
کراچی…راتوں رات پراسرار طور پرپاکستان کرکٹ ٹیم کو چھوڑ کر دبئی سے لندن جانے والے ذوالقرنین حیدر سے متعلق یہ اطلاعات ہیں کہ وہ کل پاکستان پہنچ رہے ہیں۔انگلینڈ میں تقریباً نو ماہ گزارنے والے ٹیسٹ وکٹ کیپر عموماً مالی تنگی کا رونا روتے رہے ہیں لیکن ان کے لندن میں شب و روز کس طرح گزررہے ہیں اس کی ایک جھلک اس وقت سامنے آئی جب ایک فوٹیج جس میں ذوالقرنین حیدر لندن میں ایک کلب میں نظر آئے ۔ پچھلے سال جب انہیں دورہ انگلینڈ پر ٹیسٹ کیپ ملی انہوں نے پرفارم توکیالیکن جنوبی افریقا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی سیریز کے دوران ایک دن وہ صبح ہی صبح وہاں سے پر سرار طور پر لندن پہنچ گئے، جیو نیوز سے بات چیت میں اس کا سبب انہوں نے یہ بتایا کہ سٹے بازوں کی جانب سے انہیں دھمکیاں ملی ہیں اس لیے وہ نہ صرف ٹیم بلکہ کرکٹ بھی چھوڑ رہے ہیں، اور اسی لیے لندن میں سیاسی پناہ کا ارادہ رکھتے ہیں، تقریبا آٹھ ماہ سے اپنی فیملی سے دور، معاشی مشکلات میں گھرے، رہائش کی سہولت کی تلاش میں پھرنے والے ذوالقرنین نے سیاسی پناہ لینے کی کوشش کی تاہم ان کے بیانات تضاد کا شکار رہے، اب جب کے ذوالقرنین کے پاکستان واپسی میں چند گھنٹے باقی ہیں ایک وڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ ایک نائٹ کلب میں ڈانس کرتے نظر آرہے ہیں،ذوالقرنین نے روانگی سے ایک روز قبل میڈیا کے نمائندوں کو ایک آڈیو بھی دی جس میں نامعلوم شخص ان سے دھمکی آمیز لہجے میں بات کررہا ہے جس کے جواب میں وہ بھی اس شخص کو ڈانٹتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ ٹیلفیون کال ٹیپ کررہے ہیں صرف یہی نہیں چند سال قبل بھی ذوالقرنین حیدر پاکستان اے کے اُن کھلاڑیوں میں شامل تھے جنہیں یو اے ای پولیس نے گاڑی میں شراب رکھنے کے الزام میں رنگے ہاتھوں پکڑا تھا۔