29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
ایبٹ آباد:اسامہ کی ہلاکت کیلئے آپریشن 35منٹ جاری رہا،پولیس افسر
جنگ نیوز -
ایبٹ آباد . . . . . ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کیخلاف ہونیوالی کارروائی میں گرکر تباہ ہونیوالا ہیلی کاپٹر غیر ملکی تھا،جبکہ آپریشن کے بعد صبح تک جائے وقوعہ پر تین غیر ملکیوں کی لاشیں پڑی رہیں۔ ایک اعلیٰ پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پرجیو نیوز کو بتایا ہے کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب ایک غیرملکی ہیلی کاپٹر کاکول روڈ کے قریب نچلی پروازکررہا تھا کہ اچانک فائرنگ ہوئی، جس سے ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا۔ اعلیٰ پولیس افسر نے بتایا کہ پانچ چھ منٹ بعد ایک دوسرا غیرملکی ہیلی کاپٹر جائے وقوعہ پر پہنچا، جس کے بعد آپریشن کیا گیا جوکہ تقریباً35منٹ تک جاری رہا۔ اعلیٰ پولیس افسر کے مطابق جس عمارت میں آپریشن کیا گیا وہاں صبح تک تین لاشیں پڑی رہیں جو کہ غیرمقامی افراد کی تھیں۔ اعلیٰ پولیس افسر نے امکان ظاہر کیا ہے کہ لاشیں اسامہ کے گارڈز کی ہوسکتی ہیں۔ تاہم پولیس آفسر کے مطابق انہوں نے خود اسامہ بن لادن کی لاش نہیں دیکھی۔