29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
اسامہ کے پیغام رساں کی معلومات پاکستان نے دیں ،صدرزرداری
جنگ نیوز -
اسلام آباد ... صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان نے اسامہ کے پیغام رساں کی شناخت سے متعلق معلومات فراہم کی تھیں جس سے اسامہ تک پہنچنے میں مدد ملی، اسامہ بن لادن کے خلاف مشترکہ آپریشن نہیں کیا گیا۔صدر آصف علی زرداری نے امریکی اخبار میں لکھے گئے مضمون میں کہا ہے کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان دہشت گردی کے خلاف 10 برسوں سے جاری تعاون کے باعث اسامہ کا خاتمہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اسامہ مہذب معاشرے کے لیے خطرہ تھا۔ صدر زرداری نے لکھا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں بھاری قیمت ادا کی ہے، اوراس کا سب سے زیادہ شکار بھی رہا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے عدم تعاون کی خبریں بے بنیاد ہیں پاکستان پر دوغلی پالیسی کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی اپنی جنگ ہے اورپاکستان بھی دیگر ممالک کی طرح القاعدہ کے خلاف ہے۔انھوں نے کہا کہ اسامہ بن لادن نے دو مرتبہ بے نظیرکو قتل کرانے کی کوشش کی۔