29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
اسامہ کی ہلاکت: چین کا پاکستان کو خراج تحسین
جنگ نیوز -
بیجنگ…فارن ڈیسک…چین نے اسامہ بن لادن کی ہلاکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے بھر پور کردارکو خراج تحسین پیش کی ہے۔ چین نے اسامہ بن لادن کی موت پر فوری کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا تھا تاہم چینی اخبارات میں شائع ہونے والے حکومتی ترجمان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسامہ کی ہلاکت ایک بڑا واقعہ ہے اور دہشت گردی کے خلاف عالمی جدوجہد میں ایک مثبت پیشرفت ہے ۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی ترجمان نے پاکستان کی پوزیشن کا دفاع کیا۔انہوں نے امریکا اور مغربی ممالک کی جانب سے پاکستان پر کی جانے والی تنقیدکو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی جدوجہد میں سب سے آگے کھڑا ہے۔ پاکستان کی حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پر عزم ہے۔ چین دہشت گردی کیخلاف حکمت عملی میں اپنے قومی حالات کی بنیاد پر پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔