29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
سینیٹ : فوج داری قانون ترمیمی بل2010 اتفاق رائے سے منظور
جنگ نیوز -
اسلام آباد…سینیٹ نے فوج داری قانون ترمیمی بل2010 اتفاق رائے سے منظور کر لیا ہے جبکہ الیاس بلورنے کہا ہے کہ اگر سندھ حکومت کراچی میں امن وامان قائم نہیں کرسکتی تو مستعفی ہوجائے جبکہ جے یو آئی ف نے الگ نشستیں الاٹ نہ کرنے پر احتجاج کیا۔اسلام آباد میں سینٹ کا اجلاس چیئرمین فاروق ایچ نائیک کی زیرصدارت ہوا جس میں وزیرا عظم کے مشیر برائے پٹرولیم ڈاکٹرعاصم حسین نے بطور سینیٹر حلف اٹھایا۔ وفاقی وزیر قانون مولا بخش چانڈیو کی جانب سے پیش کیا گیافوج داری قانون ترمیمی بل2010 سینیٹ نے اتفاق رائے سے منظور کر لیا۔ جے یو آئی ف کے مولانا عبدالغفور حیدری نے رواں اجلاس میں اپوزیشن بنچز الاٹ کئے جانے کا مطالبہ کیا ،چیئر مین سینیٹ نے اسی سیشن میں بنچز کی الاٹمنٹ اورقائد حزب اختلاف کاانتخاب کرنے کی ہامی بھر لی۔پروفیسر خورشید احمدکا کہنا تھا کہ اسامہ بن لادن کے معاملے پر حکومت نے ایوان کو ابھی تک اعتماد میں نہیں لیا ۔ ایوان کو بتایا گیا کہ بیرون ملک تعینات21کمیونٹی ویلفیئر اتاشیوں میں سے9کا تعلق پنجاب،7سندھ ،4خیبر پختونخوا اور ایک کا تعلق بلوچستان سے ہے۔سینیٹ کا اجلاس اب کل صبح11بجے ہوگا۔