29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
اسامہ کی ہلاکت اچھا فوجی ایکشن ہے،پرویز مشرف
جنگ نیوز -
لندن…سابق صدرپرویز مشرف نے اسامہ کی ہلاکت کواچھا فوجی ایکشن قراردیاہے ،تاہم انہوں نے امریکا کی جانب سے پاکستان کی خود مختاری کی خلاف ورزی پر تنقید کی اور کہا کہ یہ سیاسی طور پر اچھا نہیں تھا۔ایک غیرملکی ٹی وی چینل کوانٹرویو دیتے ہوئے سابق صدر مشرف کاکہناتھاکہ کسی دوسرے ملک کے فوجیوں کا پاکستان کی سرحد پارکرنا اور آپریشن کرنا پاکستانی عوام اسے اچھا نہیں سمجھتے جس پر ہمارے تحفظات ہیں،ہماری خود مختاری کی خلاف ورزی کی گئی ہے، یہ پاکستان کی سالمیت کے خلاف ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے پہلے بھی القاعدہ کے بہت سے ارکان گرفتار کئے ہیں،جن میں امریکی فوجیوں کی مداخلت نہیں تھی،یہ پہلی دفعہ ہے امریکا نے مکمل طور پرآزادانہ آپریشن کیا جس کے لیے اندر کے خبریں پاکستانی حکومت نے فراہم کیں ۔سابق صدر کاکہناتھاکہ جہاں تک امریکااور اس کی اسامہ کے بارے میں پالیسی کاتعلق ہے سب جانتے ہیں لیکن یہاں پاکستانی حدود کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔قلیل المدت میں یہ بہت خطرناک ہوسکتاہے،ہوسکتاہے القاعدہ شدید ردعمل ظاہرکرے، لیکن طویل المدت میں یہ اچھاہے کہ القاعدہ کارہنما مارا گیاہے اور میرے خیال میں یہ سب اتنا سیدھا نہیں یہ جنگ ہے جو اب بھی جاری ہے۔