29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
اسامہ پر جب حملہ کیا گیا تو وہ غیر مسلح تھا، امریکی حکام
جنگ نیوز -
واشنگٹن…امریکی حکام نے اسامہ بن لادن کی جانب سے اپنی اہلیہ کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کی تردید کر دی ہے ، ساتھ ہی اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ اسامہ حملے کے وقت غیر مسلح تھا اور ان کے کمرے سے کسی قسم کی جوابی کارروائی نہیں کی گئی ۔ گزشتہ روز انسداد دہشت گردی کے عہدے دار جان برینن نے واشنگٹن میں صحافیوں کو بریفنگ میں بتایا تھا کہ اسامہ نے حملے کے وقت اپنی اہلیہ کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کی تھی۔امریکی ویب سائٹ پر اپنا نام ظاہر نہ کرتے ہوئے ایک امریکی عہدے دار نے کہا کہ اسامہ پر جب حملہ کیا گیا تو وہ غیر مسلح تھاکیونکہ اسامہ کے کمرے سے کوئی گولی نہیں چلائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن میں دو خواتین ہلاک ہوئیں اور اسی وجہ سے غلط فہمی پیدا ہوئی، عہدے دار کا کہنا تھا کہ امریکی فورسز کی فائرنگ سے ان کی بیوی زخمی ضرور ہوئی تاہم وہ الگ کمرے میں سو رہی تھی ۔ایک اور امریکی عہدے دارکے مطابق انہیں معلوم نہیں کہ اسامہ بن لادن کے پاس کوئی اسلحہ تھا۔ امریکی عہدے دار نے بتایا کہ حملے کے وقت23 بچے اور 9 خواتین کمپاؤنڈ میں موجود تھیں، جنہیں پاکستانی حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔