29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
حکومت آزادئ صحافت پر یقین رکھتی ہے،صدر آصف زرداری
جنگ نیوز -
اسلام آباد…صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے،صحافت جمہوریت کا اہم جزو ہے اس لیے حکومت صحافیوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔صدر آصف علی زرداری نے یہ بات کمیٹی فار پروٹیکشن آف جرنلسٹ کے کوآرڈینیٹر رابرٹ ڈیٹزکی سربراہی میں آئے وفد سے ایوان صدر میں گفتگو کے دوران کہی۔اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک بھی موجود تھے۔صدر نے بتایا کہ وزارت داخلہ اور اطلاعات کو صحافیوں کے تحفظ کے لئے منصوبہ سازی کی ہدایات دی ہیں جبکہ صحافیوں پر تشدد کے واقعات کی تحقیق اور ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دینے کی ہدایات پہلے ہی دی جا چکی ہیں۔صدر زرداری نے کہا کہ صحافیوں اور فوٹوگرافرز کی انشورنس اور لائف جیکٹس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ فرض کی ادائیگی کے دوران جاں بحق ہونے والے صحافیوں کے لئے خصوصی فنڈ قائم کیا گیا ہے،صدر کا کہنا تھا کہ اطلاعات کی آزادی کا اصلاحاتی بل پارلیمنٹ میں پیش کیا جا چکا ہے ۔