تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0

امریکا نے اسامہ کیخلاف آپریشن کا بتانے کی زحمت تک نہیں کی،پاکستان

جنگ نیوز -
اسلام آباد…ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان سختی سے تردید کرتا ہے کہ اسامہ بن لادن کے خلاف امریکی آپریشن کا اس کو کوئی علم تھا، اسامہ بن لادن کی موت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم سنگ میل ہے۔ ترجمان کاکہناہے کہ کہ امریکی آپریشن کے دوران پاکستان کا کوئی ائیربیس استعمال نہیں کیا گیا، پاکستان کو امریکی آپریشن پر گہرے تحفظات ہیں۔ ترجمان دفترخارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اور اس کے ریاستی ادارے اسامہ کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی سنجیدہ کوشش کرتے رہے ہیں، سیاسی اور فوجی قیادت کو امریکی آپریشن کا کوئی علم نہیں تھا۔ ترجمان کے مطابق ایبٹ آباد اور اس کے گردونواح پر 2003 سے پاکستان کے حساس اداروں کی گہری نظر تھی۔2004 میں القاعدہ کا ایک ہائی ویلیو ٹارگٹ اسی علاقے سے آئی ایس آئی نے گرفتار کیا۔ ترجمان کے مطابق ٹارگٹ کمپاؤنڈ سے متعلق آئی ایس آئی کا سی آئی اے اور دیگر دوست انٹیلی جنس اداروں سے2009 سے معلومات کا تبادلہ ہوتا رہا۔ اپریل 2011 کے وسط میں ایبٹ آباد کے گردو نواح میں غیرملکیوں کی موجودگی کی اطلاعات کا تبادلہ ہوتا رہا۔ سی آئی اے نے اسامہ تک پہنچنے کے لئے ہماری معلومات پر انتہائی جدید ٹیکنالوجی استعمال کی ، اس بات کااعتراف امریکی صدر اور وزیر خارجہ نے اپنے بیانات میں کیا۔امریکی ہیلی کاپٹرز کی غازی ائیربیس استعمال کرنے کی اطلاعات مکمل طورپر غلط ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان آرمی نے امریکی آپریشن میں کوئی لاجسٹک نہ ہی کوئی آپریشنل معاونت فراہم کی۔ امریکی ہیلی کاپٹر پاکستانی حدود میں داخل ہوئے تو پہاڑی علاقہ ہونے اور جدید ٹیکنالوجی کی وجہ سے ریڈار پر نہ آسکے، تاہم اطلاع ملتے ہی پاک فضائیہ کے طیارے چند منٹوں میں حرکت میں آگئے۔ترجمان کے مطابق اسامہ بن لادن کے اہل خانہ محفوظ ہاتھوں میں ہیں اوران کی قانون کے مطابق دیکھ بھال کی جارہی ہے، ذخمی افرادکو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اورخاندان کے افرادکوقانون کے مطابق متعلقہ ملکوں کے حوالے کردیاجائے گا۔ دفترخارجہ کے ترجمان کاکہناہے کہ بغیر اجازت یک طرفہ آپریشن کو ایک قانون کے طور پر نہیں لیا جاسکتا۔ مستقبل میں امریکا سمیت کسی بھی ریاست کو ایسے واقعہ کو مثال کے طور پراستعمال نہیں کرنے دیاجائے گا،ایسے واقعات عالمی امن کے لئے خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.