29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
فاروق بیگ شہید کا سوئم : بدھ کونائن زیرو پر اجتماع منعقد ہوگا
جنگ نیوز -
کراچی…گزشتہ روز مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے ایم کیوایم کراچی تنظیمی کمیٹی کے رکن فاروق بیگ شہید کے سوئم کے سلسلے میں بدھ کو ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو سے متصل لال قلعہ گراؤنڈ عزیز آباد میں قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کا اجتماع ہوگا ۔ اس سلسلے میں فاروق بیگ شہیدکی روح کے ایصال ثواب کیلئے لال قلعہ گراؤنڈ عزیز آباد میں بعد نماز ظہر تا عصر قرآن خوانی فا تحہ خوانی کی جائے گی ۔دریں اثناء فاروق بیگ شہید کے سوئم کے موقع پر شہید کی رہائشگاہ لانڈھی نمبر 3میں واقع حقانی مسجد میں 4مئی بروز بدھ کو بعد نماز عصر تا مغر ب قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کی جائے گی جبکہ خواتین کیلئے سوئم کا اہتمام شہید کی رہائشگاہ مکان نمبر 726ایریا 3Aلانڈھی نمبر 3میں کیاگیا ہے ۔ دریں اثناء حق پرست ارکان سندھ اسمبلی نے مطالبہ کیا ہے کہ ایم کیوایم کراچی تنظیمی کمیٹی کے رکن فاروق بیگ اورسابق حق پرست رکن سندھ اسمبلی و متحدہ لائرز فورم کے رکن لیاقت قریشی ایڈووکیٹ شہید سمیت 4ماہ میں ایم کیوایم کے سو سے زائد کارکنان ، ہمدردوں اور منتخب نمائندوں کے بہیمانہ قتل کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے اور اس قتل و غارتگری اور کھلی دہشت گردی میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے ایم کیوایم کے کارکنان اور عوام میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ کیاجائے ۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم کے بے گناہ کارکنان ،منتخب نمائندوں اور رہنماؤں کے قتل کے مسلسل واقعات کراچی کا امن تباہ کرنے کی گھناؤنی سازشوں کا حصہ ہے۔تاہم قتل و غارتگری کرکے نہ تو کل ایم کیوایم کے کارکنان کے حوصلے پست کئے جاسکے ہیں اور نہ ہی مستقبل میں ان اوچھے ہتھکنڈوں سے ایم کیوایم کو حق پرستانہ جدوجہد سے باز رکھا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حق پرست شہداء کا لہو ضرور رنگ لائے گا اور ملک میں غریب و متوسط طبقے کا انقلاب آئے گا جس میں 2فیصد استحصالی طبقہ خس و خشاک کی طرح بہہ جائے گا اور ملک پر مظلوم عوام کی حکمرانی ضرور قائم ہوگی۔ انہوں نے فاروق بیگ شہید اور لیاقت قریشی شہید کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور شہداء کے بلند درجات اور مغفرت کیلئے دعا بھی کی ۔ حق پرست ارکان سندھ اسمبلی نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ، وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ فاروق بیگ شہید ،لیاقت قریشی ایڈووکیٹ شہید سمیت تمام حق پرست شہداء کے بہیمانہ قتل میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایاجائے ۔