5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
متحدہ عرب امارت میں پانی کے ذخائر تیزی سے ختم ہو رہے ہیں
جنگ نیوز -
دبئی سٹی . . . سینٹرل مانیٹرنگ . . . متحدہ عرب امارات میں ہرے بھرے درختوں کے درمیان نئے تعمیر شدہ ہائی ویز پر ڈرائیو کرتے ہوئے آپ اس بات کو یک سر نظر انداز کردیتے ہیں کہ یہ ملک صحرائی زمین پر آباد ہے جس کے میٹھے پانی کے ذخائر تیزی سے ختم ہورہے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے ماحولیاتی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ملک کی 8اعشاریہ2ملین عوام کو اپنی پانی کی ضرورت پر قابو کرنا پڑے گا ورنہ اگلے 50سالوں میں اس کے میٹھے پانی کے ذخائر خالی ہوجائیں گے ۔ متحدہ عرب امارات میں نمکین پانی کو صاف کرنے والے پلانٹس لگائے گئے ہیں جو ملک میں وافر مقدار میں پائے جانے والے تیل کے ایندھن کے ذریعے چلتے ہیں جن سے صاف پانی کی پیداوار ممکن بنائی جاتی ہے جو ملک کی تقریباً60 فیصد پانی کی ضروریات پوری کرتے ہیں۔ماہرین کے مطابق متحدہ عرب امارات کی عوام کو قائل کرنا پڑے گا کہ یہاں نہ ہی پانی کے قدرتی ذخائر موجود ہیں اور نہ پانی کے وسائل مفت دستیاب ہیں بلکہ ان پر افرادی قوت خرچ ہوتی ہے اور اس کے ماحولیاتی اثرات بہت بڑے ہیں۔واضح رہے کہ ابو ظہبی میں فی فرد روزانہ پانی کا استعمال550لیٹر ہے جو دنیا بھر کے افراد کی اوسطاً180سے200لیٹر ضرورت کا دو سے تین گنا زیادہ ہے۔