5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
ہلیری کلنٹن آج اسرائیلی وزیر دفاع سے ملاقات کریں گی
جنگ نیوز -
واشنگٹن . . . امریکی وزیرخارجہ ہلیری کلنٹن اور اسرائیلی وزیر دفاع ایہودبارک کی ملاقاتآج ہوگی جس میں فلسطین اسرائیل مذاکرات جلد از جلد شروع کرنے پر بھی غورکیا جائے گا ۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان فلپ کرولی نے واشنگٹن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات کے دوران دونوں رہنما مشرق وسطیٰ میں قیام امن کی کوشش پر تبادلہ خیال کریں گے اور دوریاستی حل کو زیربحث لائیں گے ۔ملاقات میں اسرائیلی رہنما شام ، ایران ، حماس اور حزب اللہ کی جانب سے سیکورٹی خدشات کا بھی اظہار کریں گے ۔ امریکا مشرق وسطی میں قیام امن کی نئی پالیسی پر عمل درآمد کے لئے فلسطینی حکام مصر اور دیگرسے مثبت ردعمل کا خواہاں ہے، ترجمان نے توقع ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اس معاملے میں بہتر کارکردگی دکھائے گا۔