5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
امریکا کامختلف منصوبوں میں ڈیڑھ سو ملین ڈالر دینے کا اعلان
جنگ نیوز -
اسلام آباد…پاکستان اور امریکا کے درمیان اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا ہے ، امریکا نے پاکستان کو توانائی ، صحت اور پانی کے مختلف منصوبوں میں تعاون دینے کے ساتھ چھوٹے اور درمیانے درجہ کے کاروبار کے فروغ اور سرمایہ کاری کی ترغیب کے لئے ڈیڑھ سو ملین ڈالر دینے کا اعلان بھی کیا ہے ۔اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا انعقاد ، دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہوا جس میں امریکی وزیرخارجہ ہلیری کلنٹن اور ان کے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی نے شرکت کی۔ افتتاحی خطاب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دونوں ممالک کے پائیدار تعلقات دوطرفہ امور کے ساتھ علاقائی و عالمی سطح پر بھی اہم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ پاکستانی برآمدات کو عالمی مارکیٹ زیادہ رسائی دی جائیگی اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی مشکلات دور کرنے میں مدد دی جائے گی۔ ہلیری کلنٹن نے کہا کہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے تحت مختلف شعبوں میں تعاون کیلئے13ورکنگ گروپس بنائے گئے تھے جنہوں نے تعاون کی نئی راہوں کو تلاش کیا۔ہلیری کلنٹن نے کہا یہ تاثر درست نہیں کہ پاکستان سے امریکا کا تعاون سکیورٹی مفادات پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی شعبے میں پاکستان کو مزید تعاون دیا جائیگا۔سد پارہ، گومل زام اور اسکردو میں ڈیمز کی تعمیر میں مدد دی جائے گی اور توانائی کے متبادل وسائل کی ترقی میں بھی تعاون ہوگا۔ہلیری کلنٹن نے کہا کہ پاکستانی عوام کو صاف پانی کی فراہمی اور نکاسی آب منصوبوں میں اس کے ساتھ تین بڑے اسپتالوں کی توسیع کی جائے گی، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لئے100 ملین ڈالر اور سرمایہ کاری اور ایکویٹی کیلئے پچاس ملین ڈالر دئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈیری ڈویلپمنٹ کا بڑا پروگرام شروع کیا جائے گا اور پاکستانی آم کی امریکا میں برآمدات بڑھانے کیلئے منصوبہ شروع ہوگا ، مذاکرات کے باضابطہ آغاز پر وزیرخزانہ حفیظ شیخ نے اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے نتائج اور آئندہ کی تجاویز کا جائزہ پیش کیا۔