5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
خواہش ہے حکومت 5سال پورے کرے اور پھر واپس نہ آئے، پرویز الٰہی
جنگ نیوز -
سرگودھا…مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف بلڈ پریشر کے مریض ہیں اور حکومت چلانے میں پوری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سرگودھا پہنچے اور پانچ اگست کو ہونیوالے ضمنی انتخابات کی سلسلے میں پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میاں شہباز شریف نے پنجاب کی حکومت کو دیوالیہ کردیا ہے۔سانحہ داتا دربار کے دوران شہید ہونے والے کے ورثا کو دیا جانیوالا معاوضہ تاحال انہیں نہیں مل سکا جبکہ چیک بھی باؤنس ہورہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کے بلڈ پریشر کے باعث ان کے ساتھ کوئی افسر کام کرنے کیلئے تیار نہیں ۔ زکوٰة کی رقم مستحقین میں تقسیم کرنے کے بجائے سستی روٹی پروگرام میں خرچ کی جارہی ہے۔مڈٹرم الیکشن کرائے جانے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے موجودہ حکومت پانچ سال پورے کرے اور اس کے بعد پھر کبھی واپس نہ آئے۔سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے سرگودھا میں ہونیوالے گذشتہ روز کے واقع کی مذمت کی اور کہا کہ پولیس حکمرانوں کی حفاظت پر مامور ہے، غریب عوام کی حفاظت کون کرے گا۔