5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
متحدہ کے زیراہتمام حیدرآباد میں ہفتہ صفائی کی مہم کا آغاز
جنگ نیوز -
حیدرآباد…متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین کی ہدایت پرایم کیوایم حیدرآبادکے زیراہتمام ہفتہ صفائی مہم کاآغازکردیاگیا۔”میراحیدر آباد“ کے نام سے شروع کی جانے والی 7روزہ ہفتہ صفائی کی مہم کاباقاعدہ آغازایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان رضاہارون اوراشفاق منگی نے پیرکی صبح چوک گاڑی کھاتہ پرجھاڑولگاکرکیا۔اس موقع پرحق پرست اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ،اندرون سندھ تنظیمی کمیٹی کے انچارج محمدعمرقریشی،نثارپنہور،ایم کیو ایم حیدر آبادزونل کمیٹی کے انچارج محمدشریف خان ، زونل کمیٹی کے اراکین،مختلف سیکٹرزو یونٹس کمیٹیوں کے ذمہ داران اورکارکنان کے علاوہ پرنٹ والیکٹرونکس میڈیاکے نمائندگان،حیدرآبادکے عوام کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔میراحیدرآبادصفائی مہم کے سلسلے میں حیدرآبادکے عوام وکارکنان میں زبردست جوش وخروش پایا جارہا ہے اورکارکنان وعوام تیزدھوپ،گرمی،بھوک پیاس کی پروا کیے بغیر صفائی مہم میں نہ صرف بڑھ چڑھ کرحصہ لے رہے ہیں بلکہ اپنی مددآپ کے تحت حیدرآبادکے تمام تعلقوں میں مصروف عمل ہیں۔متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے صفائی مہم کے سلسلے میں شہرکی اہم شاہراہوں اور چوراہوں اور پارکس میں”میراحیدرآباد“ہفتہ صفائی مہم کے بینرز آویزاں کیے گئے۔مہم کے پہلے روز جھاڑووں،بیلچوں اورٹرالیوں سے لیس ایم کیوایم کے پرچم کے رنگوں والی ٹوپیاں اورٹی شرٹ میں ملبوس ہزاروں کارکنان وعوام دیکھتے ہی دیکھتے سڑکوں اور شاہراہوں گلی ،محلوں اوربازاروں میں نکل گئے جنہوں نے شہرکے بازاروں، گلیوں، محلوں سے ہزاروں ٹن کچرا اورمٹی کے ڈھیر اٹھاکرشاہراہوں اور سڑکوں کو صاف کردیا۔اس موقع پرجہاں جہاں بھی متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنان صفائی ستھرائی کرتے دیکھے گئے ،دوکانداروں اورعوام نے ان کی حوصلہ افزائی کی اور قائد تحریک الطاف حسین کے اقدام کوسراہا۔دریں اثناء ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان رضاہارون اوراشفاق منگی نے شہرکے مختلف علاقوں کادورہ کیااور ہفتہ صفائی مہم کے سلسلے میں جاری صفائی ستھرائی کے کاموں کاجائزہ لیااوران پراطمینان کا اظہار کیا۔رابطہ کمیٹی نے ارکان نے حیدرآبادکے بازاوں ،شاپنگ پلازاہوں کادورہ کیا اور دکانداروں،تجارتی انجمنوں کے عہدیداران اورعوام سے ملاقات کرکے ان کے مسائل معلوم کیے اورانہیں ایم کیوایم کی جانب سے ہر ممکن تعاون کایقین دلایا۔ اس موقع پرایم کیو ایم کی جانب سے ہفتہ صفائی مہم کوسراہااوراپنے بھرپورتعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔قبل ازیں حیدرآبادمیں ہفتہ صفائی کی مہم”میراحیدرآباد“ کی افتتاح کے موقع پرعوام سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان رضا ہارون اور اشفاق منگی نے کہاکہ ایم کیوایم سیاست برائے خدمت پریقین رکھتی ہے اورآج کی صفائی مہم اس بات کی غماز ہے کہ ایم کیوایم عوام کے مسائل سے غافل نہیں،قائدتحریک الطاف حسین کی ہدایت پرحیدرآبادمیں صفائی مہم کاآغازکیاجاچکاہے جس کے دوران سڑکوں،شاہراہوں،کھیل کے میدانوں،پارکس،بازاروں،فلائی اوورزکی صفائی کیساتھ ان پررنگ وروخن کاکام بھی مکمل کیاجائے گااورآئندہ ایک ہفتے میں حیدرآباد کو اس کااصل مقام دیدیاجائیگا۔انہوں نے صفائی مہم میں حصہ لینے پرتمام کارکنان ،عوام کاشکریہ اداکیااورانہیں قائدتحریک الطاف حسین کی جانب سے شاباش پیش کیا۔