تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

ملک کی سیاسی جماعتیں شخصیات کے گرد گھومتی ہیں ،جسٹس جاوید اقبال

جنگ نیوز -
اسلام آباد…اٹھارویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواستوں کی سماعت کرنے والے بنچ کے رکن جسٹس جاویداقبال نے کہاہے کہ ملک کی سیاسی جماعتیں شخصیات کے گرد گھومتی ہیں ، شخصیت کو نکال دیں تو پیچھے پارٹی ہی نہیں رہتی۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس افتخار محمدچودھری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے سترہ رکنی لارجر بینچ نے اٹھارویں آئینی ترمیم کے مختلف حصوں کے خلاف آئینی درخواستوں کی سماعت جاری رکھی ، عبدالحفیظ پیر زادہ نے بجلی کے شعبہ کو صوبائی اختیار سے نکال کر وفاق کے ماتحت کرنے سے متعلق دلائل دیتے ہوئے موقف اختیارکیاکہ یہ وفاقی طرزحکومت کے خلاف ہے۔خواتین کی مخصوص نشستوں کے خلاف عبدالحفیظ پیر زادہ نے دلائل دینا چاہے تو عدالت نے انہیں یہ کہہ کر روک دیا کہ آپ نے اپنی آئینی درخواست میں اسے براہ راست چیلنج نہیں کیا۔ اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تقرری کے نئے طریقہ کار کے بارے میں حفیظ پیر زادہ نے موقف اختیار کیا کہ عدالت اسے سرے سے ہی کالعدم قرار دے ، ان کاموقف تھاکہ سپریم کورٹ کو کسی بھی آئینی ترمیم کو بنیادی ڈھانچے سے متصادم قرار دے کر کالعدم قرار دینے کا اختیار ہے اور یہ اختیار عدالت سے نہیں چھینا جاسکتا۔ عبدالحفیظ پیر زادہ نے جب یہ کہا کہ پارٹی سربراہ کو منتخب رکن اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے کا اختیار دے کر صرف سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کو مضبوط کیاگیا ہے تو جسٹس خلیل الرحمان رمدے کا کہنا تھا کہ کیا یہ اس لیے نہیں کیا گیا کیونکہ ماضی میں ہارس ٹریڈنگ کے الزامات لگتے تھے، انہیں ختم کرنے کے لیے سیاسی جماعتوں نے یہ راستہ نکالا ۔عبدالحفیظ پیر زادہ نے دلائل مکمل کر لیے ہیں، عدالت نے شاہد اورکزئی کو چائے کے وقفے تک دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.