5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
رضا کارانہ طور پر اپنی ڈگری ایچ ای سی کو بھیج دی،فیصل رضا عابدی
جنگ نیوز -
کراچی…پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر فیصل رضا عابدی نے کہا ہے کہ 2009میں منتخب ہونے والے پچاس سینیٹرز میں سے صرف ان سے ڈگری کا طلب کیا جانا سمجھ سے بالا تر ہے۔جیو نیوز سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے سینیٹر فیصل رضا عابدی کا کہنا تھا کہ انتخابات کے وقت انہوں نے گریجویشن کی مارک شیٹ جمع کروائی تھی جس کی جامعہ کراچی نے تصدیق کردی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مارک شیٹ کی تصدیق کے بعد انہوں نے رضا کارانہ طور پر اپنی ڈگری ایچ ای سی کو بھیج دی ہے جس کی جامعہ کراچی بھی تصدیق کردے گا ۔فیصل رضا عابدی نے کہا کہ جب وہ سینیٹر بنے تو اس وقت ڈگری کی شرط ختم ہوچکی تھی،تاہم 2009 میں منتخب ہونے والے50سینیٹرز میں سے صرف ان سے ڈگری کا طلب کیا جانا سمجھ سے بالا تر ہے ۔