5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
جناح اسپتال کراچی میں غیر قانونی رہائش پذیر افراد کو نکالنے کیلئے کارروائی
جنگ نیوز -
کراچی…جناح اسپتال کراچی میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر افراد کو نکالنے کے لیے اسپتال انتظامیہ نے پولیس کی مدد سے کارروائی شروع کر دی ہے۔جبکہ نرس زیادتی کیس کے تحقیقات کے سلسلے میں ایڈیشنل ہوم سیکریٹری نے بھی جناح اسپتال کا دورہ کیا۔اسپتال ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے پر اسپتال انتظامیہ نے پولیس کی مدد سے ڈاکٹر میس 96 میں رہنے والے افراد کی تصدیق کی۔ اسپتال کے انتظامی اہلکاروں نے تقریباً تیس فلیٹس میں جا کر الاٹمنٹ آرڈرز کے مطابق وہاں رہنے والے افراد کی تصدیق کی۔ ذرائع کے مطابق کل کسی وقت غیر قانونی طور پر رہنے والے افراد کے خلاف آپریشن شروع کیے جانے کا امکان ہے۔ حکومت سندھ کی جانب سے جناح اسپتال میں نرس کے ساتھ زیادتی کے واقعے کی تحقیقات کے سلسلے میں ایڈیشنل ہوم سیکریٹری اکرم خواجہ نے اسپتال کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے نرسنگ ہاسٹل کا دورہ کر کے نرسز کی رہائش کا جائزہ لیا اور عملے سے معلومات حاصل کی۔