5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
سابق ڈی سی او فاروق لغاری کو1 لاکھ روپے کی ضمانت پررہا کردیاگیا
جنگ نیوز -
حیدرآباد…اینٹی کرپشن کورٹ حیدرآبادنے سابق ڈی سی او اورچیئرمین ہائیرایجوکیشن کمیشن کے بھائی فاروق لغاری کی ایک لاکھ روپے کی ضمانت منطورکرکے ان کو رہا کردیا ہے۔دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ میں گرفتاری کے خلاف دائر درخواست پر عدالت نے چیئرمین اینٹی کرپشن کو طلب کرلیاہے۔سابق ڈی سی او ٹنڈوالہیار اور ٹنڈومحمدخان فاروق لغاری پر اینٹی کرپشن پولیس کی جانب سے درج مقدمہ نمبرپانچ 2010میں ٹنڈومحمد خان میں بطورڈی سی او تعیناتی کے دوران دواؤں اورسامان کی خریداری میں خوردبرد،اراضی میں گھپلے اورڈی سی او ہاؤس کی مرمت میں جعلسازی کا الزام تھا۔دوسری جانب اینٹی کرپشن پولیس کی جانب سے گرفتاری کے خلاف بہن نجمہ لغاری کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت ہوئی ۔ سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد سرکٹ بینچ میں مقدمے کی سماعت شروع ہوئی توجسٹس امیر ہانی مسلم نے اینٹی کرپشن پولیس کی جانب سے مقدمے کی تفصیلات بتانے میں ناکامی پر برہمی کا اظہا رکیا اور اورآیندہ سماعت پرچیئرمین اینٹی کرپشن کوعدالت میں طلب کرلیا۔عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ عدالتی حکم کے باوجودفاروق لغاری کامیڈیکل چیک اپ نہیں کرایاگیا، کیوں نہ ایم ایس کوشوکازنوٹس جاری کرتے ہوئے توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔ عدالت نے کیس کے تحقیقاتی افسر کوبھی عدالت میں طلب کرلیاہے۔جسٹس امیر ہانی مسلم نے فاروق لغاری کی ایک لاکھ روپے کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دیا۔ جسٹس امیر ہانی مسلم کا کہنا تھا کہ میڈیا کو ان کے فرائض کی انجام دہی سے نہیں روکا جاسکتاہے۔جس کے بعدعدالت نے کیس کی سماعت 21 جولائی تک ملتوی کردی۔