5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
ٹریڈ معاہدہ افغانستان سے ہے، بھارت کو کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا، امین فہیم
جنگ نیوز -
لاہور…وفاقی وزیرتجارت مخدوم امین فہیم نے واضح کیا ہے کہ ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ افغانستان سے کیا گیا ہے،اس لئے اس سے بھارت کو کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا ۔لاہورایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کے تحت افغانستان سے سامان بھارت جائے گا ، بھارت سے پاکستان کے راستے کوئی چیز افغانستان نہیں جائے گی، ان کا کہناتھا کہ پاکستان پڑوسی ملکوں سے تجارتی معاہدے کرنے میں آزاد ہے، یہ معاہدے پاکستان کے اپنے مفاد میں ہیں، اس سلسلے میں امریکا کا کوئی دباؤ نہیں ۔ مخدو م امین فہیم نے کہا کہ یورپی اورایشیائی ملکوں کو افغان مارکیٹ تک رسائی دینے سے چین متاثر نہیں ہوگا،جبکہ بھارت سے بھی اسی طرز کے معاہدے پر بات چیت جاری ہے،اس سلسلے میں کوئی ڈیڈ لاک نہیں ہے، ایک سوال پروفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت نے بڑے بڑے ایشوز پر قابو پا لیا ہے،اب کس بات پر حکومت جانے کی بات کی جا رہی ہے۔