5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
برٹش پیٹرولیم کاپاکستان میں آپریشن ختم کرنیکا فیصلہ
جنگ نیوز -
بدین.. . . . .. .. . . بدین میں تیل تلاش کرنے والی بین الاقومی کمپنی برٹش پیٹرولیم نے ملک میں تمام آپریشن ختم کرکے اپنے شیئرز فروخت کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق خریدوفروخت سے متعلق متحدہ عرب عمارات کی ایک کمپنی سے بات چیت آخری مراحل میں ہے جس کے لئے گزشتہ روز ضلع بدین کی خاصخیلی آئل فیلڈ پر ایک اہم اجلاس بھی منعقد ہوچکا ہے۔برٹش پیٹرولیم کمپنی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حتمی اعلان آج اسلام آباد میں برٹش پیٹرولیم اور حکومت پاکستان کے حکام کے مابین منعقدہ اجلاس کے بعد متوقع ہے۔ کمپنی ملازمین کا کہنا ہے کہ کمپنی کی جانب سے تمام ملازمین کو تین ماہ کی تنخواہیں بطور بونس دینے کا اعلان کیا جاچکا ہے۔برٹش پیٹرولیم کمپنی بدین کنسیشن بلاک میں 23 ہزار اسکوائر کلومیٹر کے علاقے میں تیل کی تلاش کا کام کررہی ہے۔اس کے علاوہ بدین بلاک ون ، بدین بلاک تھری اور مہران بلاک میں برٹش پیٹرولیم کمپنی ایک سو سے زائد تیل کے کنوؤں سے یومیہ 9 ہزار بیرل سے زائد پیدوار حاصل کررہی ہے۔ذرائع کے مطابق خریدو فروخت کے بعد ملازمین کی بڑے پیمانے پر چھانٹی کے امکان سے ملازمین میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔