5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
سیلابی ریلا ضلع ٹھٹھہ کے شہر جاتی میں داخل ہوگیا
جنگ نیوز -
جاتی . . . ایم ایس بند میں پڑنے والے شگاف کے بعد سجاول کو زیر آب کرتا ہوا سیلابی ریلا جاتی شہر میں داخل ہوگیا ہے.ہدادکوٹ سے آنے والاسیلابی ریلا خیرپورناتھن شاہ شہر سے ایک کلومیٹر دور رہ گیاہے۔خیرپورناتھن شاہ شہر کی ستر فیصد آبادی نقل مکانی کرچکی ہے۔دوسری جانب ایم این وی ڈرین میں پڑنے والے شگاف سے نکلنے والاسیلابی ریلا خانپوراور انڈس ہائی وے کی جانب بڑ رہاہے۔ خانپور سے لوگوں کی نقل مکانی کا سلسلہ شروع ہوگیاہے۔ضلع ٹھٹھہ کے شہرسجاول اورگردوونواح میں پانی کھڑا ہے۔سیلابی ریلے سے جاتی سجاول شاہراہ زیرآب آگئی ہے اورپانی جاتی شہر میں داخل ہوگیا ہے ۔سیلاب سے متعدد دیہات اور سجاول چوہڑ جمالی شاہراہ بھی زیرآب آگئی ہے۔ضلع قمبر شہدادکوٹ کے علاقوں وارہ اورنصیرآباد کو سیلاب کاخطرہ برقرارہے اور گاجی کھاوڑ سے آنے والاسیلابی ریلا وارہ شہر سے ڈھائی کلومیٹر کے فاصلے پر پہنچ چکاہے۔شہر کو بچانے کے لئے میر واہ نہر کے پشتوں کو مضبوط کرنے کاکام تیزی سے جاری ہے دوسری جانب نصیرآباد شہر کو بھی سیلاب سے بچانے کے لئے حفاظتی بند تعمیرکیاجارہاہے۔دوسری جانب دھامرا کینال میں کئی مقامات پر رساؤ شروع ہوگیاہے۔