5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
خیبر پختونخوا،گلگت بلتستان میںآ ج عید ہے
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . خیبر پختونخوا ،بلوچستان ،گلگت بلتستان میں کے بعض علاقوں میں آج عید منائی جارہی ہے ،پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں عید الفطر کی نماز ادا کی گئی۔ گورنر اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے گورنر ہاوس پشاور میں نماز عید پڑھی۔پشاور میں نماز عید کا مرکزی اجتماع عید گاہ میں ہوا۔ جس میں وفاقی وزیر ریلوے غلام احمد بلور نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ جب کہ فرزندان اسلام کی بڑی تعداد نے نماز میں شرکت کی۔ نماز کے بعد ملک و قوم کی سلامتی، سیلاب زدگان کی بحالی اور قیام امن کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ پشاور کی دیگر چھوٹی بڑی مساجد میں بھی عید کی نماز ادا کی گئی۔ گورنر خیبر پختونخوا اویس احمد غنی اور وزیر اعلیٰ امیر حیدر ہوتی سمیت سرکاری حکام نے شرکت کی۔ خیبر پختونخوا کے دیگر شہروں میں بھی نماز عید ادا کی گئی۔نوشہرہ میں متاثرین سیلاب کی نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع نوشہرہ کینٹ میں ادا کیا گیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان کی پولیس لائن میں نماز عید کا اجتماع منعقد کیا گیا۔باجوڑ ایجنسی کی تمام مساجد میں نماز عید ادا کی گئی ایجنسی کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کے انتظامات تھے۔ شمالی و جنوبی وزیرستان، خیبر، مہمند، میں بھی نماز عید ادا کی گئی۔ادھرشمالی بلوچستان کے شہروں چمن، قلعہ عبداللہ، گلستان ، جنگل پیرعلی زئی، قلعہ سیف اللہ، مسلم باغ، دیگر علاقوں میں درجنوں مقامات پر نماز عید کے اجتماعات منعقد کیئے گئے جن میں ملکی سلامتی کے لئے دعائیں کی گئیں۔ضلع گلگت بلتستان کے علاقوں اسکردو، گھانچے,گلگت، ہنزہ نگر، اور استور میں فقہ جعفریہ کی جانب سے چاند دیکھے جانے کی شرعی شہادتیں موصول ہونے کے بعد آج عید منائی جارہی ہے۔