10 اپریل 2013
وقت اشاعت: 10:3
ایک پیسہ کی بھی کرپشن کی اجازت نہیں دینگے، سپریم کورٹ
آج نیوز - سپریم کورٹ نے بلوچستان میں گزشتہ پانچ سال کے دوران ترقیاتی فنڈز میں خورد برد اور اس میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی سے متعلق رپورٹ طلب کر لی ہے، چیف جسٹس کہتے ہیں کسی کو ایک پیسہ کی بھی کرپشن کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا تین رکنی بنچ بلوچستان ترقیاتی فنڈز میں کرپشن سے متعلق کیس کی سماعت کر رہا ہے۔ صوبائی حکومت کے وکیل خواجہ حارث نے بتایا کہ صوبائی اسمبلی کے سابق ارکان کو سالانہ تیس کروڑ روپے پی ایس ڈی پی فنڈ سے دیئے جاتے رہے ہیں جس میں تقریبا ساٹھ فیصد کرپشن ہوئی ہے،،کرپشن کے کیسز نیب اور دیگر محکموں کو بھیجوا دئیگئے ہیں،چیف جسٹس نے کہا کہ سابق ارکان صوبائی اسمبلی کو کس قانون کے تحت ترقیاتی فنڈز دئے گئے ہیں وضاحت کی جائے،جس پر خواجہ حارث نے بتایا کہ فنڈز سالانہ ترقیاتی پروگرام پی ایس ڈی پی کے تحت جاری کئے گئے ،چیف جسٹس نے کہا کہ اس ملک کا ایک پیسہ بھی خورد برد کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،عدالت نے کرپشن میں ملوث افراد اور انکے خلاف بھیجوائے گئے مقدمات کی تفصیل طلب کر لی ہے،ایڈوکیٹ جنرل بلوچستان امان اللہ کنرانی نے کہا کہ پھر تو سارے ملک کا حساب دیکھنا پڑے گا،چیف جسٹس نے کہا کہ ایسے پیسہ لگا ہوتا تو پورے صوبے میں خوشحالی ہوتی۔