10 اپریل 2013
وقت اشاعت: 16:44
پنجاب:صنعتوں کو 4 روز گیس فراہمی کا نوٹیفکیشن واپس
آج نیوز - سوئی ناردرن گیس کمپنی نے پنجاب میں صنعتوں کو ہفتے میں چار روز گیس فراہم کرنے کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا، فیصل آباد ریجن کو کل صبح چھ بجے گیس کی فراہمی معطل کرنے کا نیا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔سوئی ناردرن گیس کمپنی کی جانب سے فیصل آباد سمیت پنجاب کے تمام اضلاع میں صنعتوں کو ہفتے میں چار روز گیس فراہم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا لیکن اس فارمولے پر عملدرآمد شروع ہونے سے ایک روز پہلے ہی کمپنی نے نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے اور فیصل آباد ریجن کے سات سو سے زائد کارخانوں کو تین دن کی فراہمی کے بعد جمعرات کی صبح چھ بجے سے گیس کی فراہمی روکنے کے احکامات جاری کیے ہیں، جبکہ لاہور، ملتان، گوجرانولہ ریجن کو بھی ہفتے مین تین دن گیس دیئے جانے کا نیا شیڈول جاری کیا گیا ہے، کمپنی کے اس اقدام پر صنعتی حلقوں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ موسم گرما میں بھی ہفتے میں صرف تین دن گیس کی فراہمی ملکی معیشت کو تباہ کرنے کے مترادف ہے۔