11 اپریل 2013
وقت اشاعت: 15:44
لاہور ہائیکورٹ:آرٹیکل 62 اور 63 کیس کی سماعت ملتوی
آج نیوز - لاہور ہائیکورٹ نے آئین کے آرٹیکل باسٹھ تریسٹھ عملدرآمد کیس میں ایف بی آر کے ڈائریکٹر انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن کو ریکارڈ سمیت طلب کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں قائم فل بنچ کیس کی سماعت کر رہا ہے، عدالت نے الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست کی سماعت کے دوران حکم دیا کہ ایف بی آر کے ڈائریکٹر انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن ریکارڈ سمیت کل پیش ہوں۔ درخواست گزار شاہد پرویز جامی نے کہا کہ باسٹھ تریسٹھ میں سکروٹنی کے عمل کو واضح نہیں کیا گیا۔ سماعت کے دوران ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر ڈیٹا موجود نہیں، جس پر الیکشن کمشن کے نمائندے نے کہا کہ ستائیس ہزار امیدواروں کا ڈیٹا سائٹ پر اپ لوڈ کرنا ممکن نہیں ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ وہ آئندہ کے لئے کچھ اصول وضع کرنا چاہتے ہیں اور ان کے پاس آخری حل یہ ہے کہ انتخابی عمل روک دیا جائے، جس پر ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے کہا کہ وہ الیکشن نہیں رکوانا چاہتے۔ عدالت نے مزید سماعت کل تک ملتوی کر دی۔