11 اپریل 2013
وقت اشاعت: 16:57
سندھ:میٹرک کے امتحانات جاری،نقل کی روک تھام نہ ہوسکی
آج نیوز - کراچی سمیت سندھ بھر میں میٹرک کے امتحانات جاری ہیں، لاڑکانہ، بدین، سکھر، دادو، جیکب آباد اور حیدرآباد سمیت دیگر شہروں میں نقل کی روک تھام نہ ہوسکی، لاڑکانہ میں آج دسویں جماعت کے فزکس کا امتحان منعقد کیا گیا، امتحانی مراکز پر دفعہ ایک سو چوالس نافذ ہونے کے باوجود طلبہ و طالبات کے رشتے داروں کا رش رہا، کئی مراکز کے اہلکار اور سکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکار نقل کا مواد طلبہ کو پہنچانے میں مصروف دکھائی دیئے، سکھر میں آج دسویں جماعت کا پیپر لیا گیا، میٹرک کے امتحانات میں نقل کی روک تھام کے لئے تشکیل کردہ ٹیموں نے مختلف امتحانی مراکز پر چھاپے مارے، اس دوران پچاس سے زائد طلبا و طالبات کو نقل کرنے کے الزام میں دھر لیا گیا، جیکب آباد میں امتحانات کے مراکز کے اردگرد نقل کرانے والوں کی دھوم مچی رہی۔ متعدد طلبہ نے پرچہ امتحانی مراکز کے بجائے ہوٹلوں اور مختلف مقامات پر حل کیا۔ اساتذہ اور پولیس اہلکار ڈیوٹی کرنے کے بجائے نقل کرانے میں مصروف نظر آئے۔ حیدرآباد کے نو اضلاع میں آج دسویں جماعت کا اسلامیات کا پرچہ لیا گیا، پرچے کے دوران طلباء موبائل فون اور حل شدہ پرچہ جات کے ذریعے کھلے عام نقل کرتے رہے، تعلیمی بورڈ کی ویجیلنس ٹیموں نے مختلف امتحانی مراکز پر چھاپے مارکر نقل کرنے والے متعدد طلباء پر کاپی کیس کئے،بدین میں بھی دسویں جماعت کے اسلامیات کے پرچے کے دوران اساتذہ اور امیدواروں کے رشتہ دار نقل کرانے میں مصروف رہے۔ حل شدہ پرچہ کی فوٹو اسٹیٹ کی دکانوں پر فروخت کا سلسلہ جاری ہے،دادو میں بھی دسویں جماعت کے اسلامیات کے پرچے کے دوران امتحانی مراکز کے باہر نقل کرانے والوں کا ہجوم رہا، کلاسوں میں طلبہ نے موبائل فون کا آزادانہ استعمال کیا۔محکمہ تعلیم کے نوٹس اور واضح احکامات کے باوجود فوٹو اسٹیٹ کی دکانوں پر امتحانی پیپر کے جوابات سو سے ڈیڑھ سو روپے میں فروخت کیے گیے۔