تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
13 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 15:22

کراچی میں رینجرز کا ٹارگٹڈ آپریشن، 27 افراد زیرِ حراست، اسلحہ برآمد

جیو نیوز - کراچی … کراچی رینجرز نے کراچی میں 10 مختلف مقامات پر ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے، کالعدم تنظیم، لیاری گینگ وار اور بھتا خوروں سمیت 27 ملزمان کو گرفتار کرکے مختلف اقسام کے 36 سے زائد ہتھیار برآمد کرلئے ہیں۔ لیاری کے علاقے نوا لین میں رینجرز نے کارروائی کرکے ایک مغوی کو بازیاب کرالیا، مغوی کو 2 روز قبل آگرہ تاج کالونی سے اس وقت اغواء کیا گیا، جب وہ اپنے گھر سے مچھر کالونی میں واقع اسکول جارہا تھا کہ دو موٹر سائیکل سوار مسلح افراد اسے اپنے ہمراہ نامعلوم مقام پر لے گئے۔ رینجرز کے مطابق ایک اغواء کار کو گرفتار کرکے پستول اور گولیاں بھی برآمد کرلیں۔ دوسری جانب رینجرز کی جانب سے علی الصبح خفیہ اطلاعات پر منگھوپیر کے علاقے پختون آباد میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا جس میں کالعدم تنظیم کے 2 اہم دہشت گردوں سمیت 5 افراد کو حراست میں لے کر مختلف اقسام کے 36 ہتھیار برآمد کرلئے۔ رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کالعدم تنظیم کے مفرور ملزمان کی گرفتاریوں کیلئے کیا گیا۔ آپریشن کے دوران بعض مشتبہ افراد کے مکانات پر چھاپے بھی مارے گئے، اس دوران ناکہ بندی کے باعث علاقہ مکینوں کی نقل وحرکت پر بھی پابندی رہی، آپریشن کے دوران موٹر سائیکل سوار اہلکاروں کا دستہ، رینجرز رسپارنس ایمبولینس اور اینٹی ٹیرر اسٹ ٹریننگ والے اہلکار بھی موجود تھے۔ رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ پکڑے گئے ملزمان میں ماربل کارخانوں اور دکانداروں سے بھتا وصولی کرنے اور ادائیگی نہ کرنے کی صورت میں انہیں اغواء کرنے والے اور ٹارگٹ کلرز بھی شامل ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.