14 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 10:24
میڈیکل کور کے متعدد افسر تربیت کے لیے بیرون ملک گئے، واپس نہیں آئے
جیو نیوز - راولپنڈی…پاک فوج کے میڈیکل کور سے تعلق رکھنے والے لاتعداد افسران غیر ملکی تربیت پر جانے کے بعد واپس نہیں آئے۔ان افسران میں کرنل، میجر اور کیپٹن رینک کے عہدیدار بھی شامل ہیں ایڈیٹر انویسٹی گیشن دی نیوز انصار عباسی کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ آرمی میڈیکل کالج سے گریجویشن کرنے اور پاک فوج کی میڈیکل کور میں کمیشن حاصل کرنے کے بعد، ان افسران کی اکثریت کو سرکاری اخراجات پر بیرون ممالک تربیت کے لیے بھیجاگیا لیکن انہوں نے واپس نہ آنے کا فیصلہ کیا اور امریکا، برطانیہ اورآسٹریلیا جیسے ممالک میں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دینے لگے۔ کہا جارہا ہے کہ ایسے بھگوڑے افسران کی تعداد بہت زیادہ ہے لیکن فوجی حکام نے اب تک صرف 10 افسران کے نام بتائے ہیں۔ ان افسران میں کرنل ، میجر اور کیپٹن رینک کے عہدیدار شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق، پاک فوج کے ایک سرجن جنرل نے رسمی طور پر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل سے رابطہ کرکے کہا ہے کہ ایسے بھگوڑے افسران کی رجسٹریشن منسوخ کی جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایم ڈی سی سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ مذکورہ فوجی افسران کی ان ممالک میں بھی رجسٹریشن منسوخ کی جائے جہاں وہ اِس وقت موجود ہیں۔