16 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 2:52
ڈینگی کے حملوں کے باعث مالاکنڈ ڈویژن آفت زدہ قرار
جیو نیوز - پشاور…خیبر پختونخوا حکومت نے سوات میں ڈینگی کیسز بڑھنے کے سبب مالاکنڈ ڈویژن کو آفت زدہ قرار دے دیا۔ کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز کو ریلیف کمشنر کے اختیارات دیتے ہوئے ڈینگی کے خاتمے کے لیے چھ کروڑ روپے مختص کردیے گئے۔ وزیر صحت خیبر پختونخوا شوکت یوسف زئی نے جیونیوز کو بتایا کہ سوات میں ڈینگی وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جس کے سد باب کے لیے پورے مالاکنڈ ڈویژن میں ہنگامی صورت حال نافذ کر دی گئی ہے۔ کمشنر مالاکنڈ ڈویژن اور تمام ڈپٹی کمشنروں کو ریلیف کمشنر کے اختیارات دیتے ہوئے ڈینگی کے خاتمے کے لیے چھ کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ صوبائی محکمہ صحت نے ڈینگی سے بچاوٴ کے لیے خصوصی آگہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔