16 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 17:3
عمران فاروق کیس برطانوی پولیس کیلئے امتحان بن گیا
جیو نیوز - کراچی … ڈاکٹرعمران فاروق کے قتل کے تین برس بعدبھی برطانوی پولیس مجرموں کوگرفتارنہ کرسکی۔ قاتلوں کے خاکے جاری کیے اورعوام سے اپیلیں کیں مگربے سود۔ یہ کیس حل کرناضروری کیوں ہے؟ جانتے ہیں اس رپورٹ میں ڈاکٹرعمران فاروق کے قاتلوں کی گرفتاری میں تاخیربرطانوی پولیس کی صلاحیتوں کاامتحان بن گئی ہے۔ ایم کیوایم کے سابق کنوینرکوتین برس پہلے آج ہی کے دِن ایجویر میں سرعام قتل کردیاگیاتھا۔ مبینہ قاتلوں کاخاکہ جاری کییجانیکیباوجود ملزم گرفتارنہ کییجاسکے۔ خود عمران فاروق کی بیوہ شمائلہ فاروق نے بھی مجرموں کی گرفتاری میں مددکیلئے درد مندانہ اپیلیں کیں۔90کی دہائی میں ایم کیو ایم کیخلاف فوجی آپریشن کے دور میں ڈاکٹر عمران فاروق روپوش ہوگئے تھے اور 199ء میں برطانیہ پہنچ کر سیاسی پناہ لے لی تھی۔ ایم کیو ایم کے بانی رہنماوٴں میں سے ایک کے لندن جیسے محفوظ شہرمیں قتل پرالطاف حسین انتہائی سوگوار ہوگئے اور 3 برسوں میں مسلسل مطالبہ کرتے رہے کہ قاتل گرفتار کئے جائیں۔ اسی برس جون میں اسکاٹ لینڈیارڈ نے 52 برس کے ایک شخص کو کینیڈا سے برطانیہ واپسی پر حراست میں لیا۔ ہیتھرو ایئرپورٹ سے گرفتار شخص کے گھر پر چھاپہ بھی مارا گیا اور بعض دستاویزات قبضے میں لے لی گئیں۔ تاہم واقعہ سے تعلق کے الزام میں گرفتار اس شخص کو ضمانت پر رہائی دے دی گئی اور اسی ماہ اسے دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ تحقیقات میں معاونت کیلئے ایم کیو ایم کے رہنماوٴں سے بھی رابطے کئے گئے۔ ڈاکٹر عمران فاروق کے بزنس پارٹنر کوبھی گرفتار کیا تھا مگر انہیں 9 ماہ بعد باعزت رہائی دیدی گئی۔ برطانوی پولیس یہ بھی امکان ظاہر کرچکی ہے کہ مبینہ قاتل پاکستان فرار ہوگئے تھے۔ ایم کیو ایم کیلئے ڈاکٹر عمران فاروق کا قتل پہلا سانحہ نہیں۔ بانی رہنماوٴں میں سے ایک عظیم طارق برسوں پہلے کراچی میں قتل کئے جاچکے ہیں۔ لیکن جس ملک میں دنیا بھرکے لوگ سیاسی پناہ لیکر خود کو محفوظ سمجھیں وہیں ایک پارٹی لیڈر سرعام قتل کردیا جائے اور قاتل بھی نہ ملیں، یہ برطانیہ کی ساکھ پر بھی سوال ہے۔ متحدہ قومی مومنٹ اپنے رہنما کے قتل پر سخت رد عمل کا اظہار کرتی رہی ہے۔ متحدہ کے قائد الطاف حسین نے کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر ان کے اعصاب توڑنے، ان کے ساتھیوں کو خوفزدہ اور ہراساں کرنے کیلئے ایسے افسوسناک اقدامات کئے جارہے ہیں جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ متحدہ کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کا اس معاملہ سے کوئی تعلق نہیں ہے، اْسے اس میں ملوث کیا جارہا ہے، اْس نے اسکاٹ لینڈ کو ہر طرح کے تعاون کی پیش کش کی۔ متحدہ کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے خلاف بین الاقوامی سازش ہورہی ہے۔