16 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 17:3
اپر دیر واقعہ سے پاکستان کو بہت نقصان پہنچا ہے ،عمران خان
جیو نیوز - اسلام آباد…تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ اپر دیر واقعہ سے پاکستان کو بہت نقصان پہنچا ہے جس کے اثرات مستقبل پر بھی ہوں گے ، اب خوف یہ ہے کہ اتنے بڑے واقعہ کے بعد طالبان کے ساتھ کن آپشنز پر آگے بڑھا جائے۔عمران خان نے پارلیمنٹ ہاوٴس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میجر جنرل ثناء اللہ اور دوسرے فوجی افسران کو شہید کرنے کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، دشمن نہیں چاہتا کہ طالبان سے مذاکرات ہوں اور کامیاب ہو جائیں۔ عمران خان نے کہا کہ دہشت گردی کے مسئلے کا حل آسان نہیں تاہم پھر بھی پہلے مذاکرات کی کوشش کرنی چاہیے لیکن ابھی تو یہی پتا نہیں چل رہا کہ طالبان کے کتنے گروپ ہیں اور کون دہشت گرد ہے۔ عمران خان نے کہا انہیں بتایا گیا ہے کہ حکومت کا ایک وفد بنے گا جو طالبان کے وفد سے ملاقات کرے گا ، ہمارا مطالبہ ہے کہ کوئی بھی چیز آئین سے باہر نہ ہو اور مذاکرات شروع ہوتے ہی فوری طور پر سیز فائر ہونا چاہیے۔ عمران خان نے کہا ان کی دُعا ہے کہ بات چیت جلد ہو اور اس عذاب سے جان چھوٹ جائے۔