16 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 19:11
ڈاکٹر عمران فاروق کی تیسری برسی پر مختلف شہروں میں قرآن خوانی کااہتمام
جیو نیوز - سکھر/حیدرآباد/ملتان…ایم کیو ایم کے کنونیر ڈاکٹر عمران فاروق کی تیسری برسی پر حیدرآباد، سکھر، نوابشاہ اور ملتان میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ اُن کی برسی گزشتہ روز لندن میں بھی منائی گئی۔حیدرآباد، نواب شاہ اور ملتان میں عمران فاروق کی تیسری برسی میں فاتحہ خوانی اور قرآن خوانی میں ایم کیوایم کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور عمران فاروق کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی، جبکہ سکھر میں کارکنوں نے خون کے عطیات بھی دئیے۔ کارکنوں کا کہنا تھا کہ مرحوم ڈاکٹرعمران فاروق کی پارٹی کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ڈاکٹر عمران فاروق کی برسی گزشتہ روز لندن میں منائی گئی۔ اس سلسلے میں لندن کے علاقے ایجویئر کے واٹلنگ کمیونٹی ہال میں قرآن خوانی کا اہتمام تھا، جس میں لندن،برمنگھم، مانچسٹر، شیفیلڈ، کوونٹری اور دیگر علاقوں سے آنے والے ایم کیوایم کے کارکنوں نے شرکت کی۔ کارکنوں نے ڈاکٹرعمران فاروق کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ لندن میں عمران فاروق کی بیوہ شمائلہ عمران فاروق نے کہاہے کہ الطاف حسین کروڑوں دلوں کی دھڑکن ہیں، اُن کے خلاف تمام پروپیگنڈے ناکام ہوں گے۔