تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
17 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 16:25

دہشت گردی سے نمٹنے کیلیے ایک سے زیادہ آپشن ہیں، نوازشریف

جیو نیوز - انقرہ …وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلیے حکومت کے پاس ایک سے زیادہ آپشن ہیں۔ لیکن طاقت کا استعمال آخری آپشن ہوگا۔ جو لوگ انتہا پسندی سے کنارہ کش ہونے کو تیار ہیں حکومت ان کے ساتھ مذاکرات کے لئے تیار ہے۔ ٹرکش میڈیا نیٹ ورک کو انٹرویومیں نوازشریف نے کہا کہ خطے میں دہشت گردی ماضی کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ دہشت گرد گروپوں کی فنڈنگ ، تربیت اور اسلحے کی سپلائی پر قابو پانے کے لئے پاکستان کو عالمی برادری اور پڑوسیوں کے تعاون اور حمایت کی ضرورت ہے۔ بھارت سے تعلقات کے سوال پر نوازشریف نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر حالیہ کشیدگی پاکستان کے لئے تشویش کا معاملہ ہے۔ لیکن پاکستان ضبط اور ذمے داری کا مظاہرہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ سنجیدہ ، پائیدار اور تعمیری جامع مذاکرات چاہتا ہے جس میں جموں و کشمیر کا بنیادی مسئلہ بھی شامل ہو۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ امریکی ڈرون حملے نہ صرف پاکستان کی خودمختاری اورعالمی قوانین کے خلاف ہیں ، بلکہ اس کے الٹ نتائج نکل رہے ہیں اور معاشرے میں انتہاپسندی بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکا ڈرون کے استعمال پر نظرثانی کرے گا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.