18 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 6:39
اسلام آباد بھتا خوری کیس:4اکتوبر تک نئی رپورٹ طلب
جیو نیوز - اسلام آباد…بھتا خوری کیس میں ڈپٹی کمشنر، آئی جی اور چیرمین سی ڈی اے کی مشترکہ رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش کردی گئی۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھتا خوری کیخلاف کیس کی سماعت کے دوران جسٹس شوکت صدیقی نے استفسار کیا کہ بتایا جائے بھتاوصول کر کے کس اتھارٹی تک پہنچایا جاتا ہے، بتایا جائے انتظامیہ، سیاسی شخصیات میں سے کون بھتے سے مستفید ہوتا ہے، پولیس بتائے کس لیے سی ڈی اے افسران کومفت سبزیاں، فروٹ بھجوائے جاتے ہیں۔ عدالت نے سبزی منڈی کے10سے زائد دکانداروں کی مقدمے میں فریق بننے کی درخواست منظور کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے 4 اکتوبر تک نئی رپورٹ طلب کر لی ۔ عدالت نے ایس ایچ او تھانا سبزی منڈی سے بھی آئندہ سماعت تک رپورٹ طلب کی ہے جبکہ ہدایت کی ہے کہ رپورٹ کسی رینک، اسٹیٹس، پوزیشن سے اثرانداز ہوئے بغیر تیار کی جائے۔