22 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 20:12
سانحہ پشاور کے بعد حکومت کو اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرنا ہوگی ،نثار کھوڑو
جیو نیوز - حیدرآباد… پیپلزپارٹی کے رہنما اورسینئر صوبائی وزیر تعلیم نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور کے بعد حکومت کو اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرنا ہوگی ،نواز شریف اور عمران کے لیَے سوالیہ نشان ہے کیا ان قوتوں سے دوستی کے بغیر کوئی اور راستہ نہیں ہے۔ کراچی میں آپریشن کیا جارہا ہے اور دوسری جانب سے ان سے بات کی جارہی ہے۔حیدرآباد پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور پر بے گناہ افراد کی ہلاکت قابل مذمت ہے،حکومت ان قوتوں سے بات کررہی ہے جو پاکستان اور آئین کو نہیں مانتے اور دہشتگردی کی وجہ سے عبادت گاہیں بھی محفوظ نہیں رہی ہیں۔ اور ہزاروں بے گناہ مارے گئے ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں ہم تضاد کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی قانون متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا ہے ۔سپریم کورٹ میں تیئس دسمبر تک الیکشن کرانے کی تاریخ دی تھی تاہم الیکشن سے قبل حلقہ بندیاں ہونگی اور اس کے بعدالیکشن کمیشن کو الیکشن کرانے کا کہیں گے۔ تاہم حکومت کی کوشش ہے کہ دسمبر تک الیکشن کرادیئے جائیں۔کراچی میں رینجرز کو گولی مارنے کے اختیارات دینے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ابھی تجویز آئی ہے بل منظوری کے لیے اسمبلی میں آئے گا اگر صوبائی حکومت کے اختیارات سے متصادم ہوا تو آواز اٹھائیں گے۔