22 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 20:28
چار ٹارگٹ کلر اور سائٹ گرینیڈ حملے میں 44افراد زیرحراست،پولیس
جیو نیوز - کراچی…کراچی کے علاقے مواچھکو میں پولیس کی کاروائی میں ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث 4ملزمان گرفتار کر لئے گئے۔ جبکہ گزشتہ روز آغا خان کمیونیٹی کے علاقے میں گرینیڈ حملے کے 40 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔ ڈی آئی جی ویسٹ جاوید اوڈھو نے گلبرک تھانے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مو چھکو سے گرفتار ملزمان میں غلام عرف ملا، محمد ہارون، مظہر اور زوہیب شامل ہیں۔ ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق ملزمان ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کی 50 سے زائد وارداتوں میں ملوث اور پولیس کو مطلوب تھے۔جاوید اوڈھو کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ روز سائیٹ کے علاقے میں آغاخان کمیو نیٹی کے علاقے میں گرینیڈ سے حملہ کرنے کے شبہ میں 40 افراد کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان میں ایک گروہ ایسا بھی ہے جو ماضی میں بھی آغا خان کمیو نیٹی پر حملے میں ملوث رہا ہے۔ جبکہ کچھ ملزمان ایسے ہیں جو پولیس کے جعلی کارڈ بناتے تھے۔