22 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 22:37
مسیحی برادری خود کو تنہا نہ سمجھے، پوری قوم ان کے ساتھ ہے،فاروق ستار
جیو نیوز - کراچی … متحدہ قومی مومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ پشاور میں گرجا گر پر حملہ قومی سانحہ ہے۔ مسیحی برادری خود کو تنہا نہ سمجھے، پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے پشاور سانحے کے بعد بشپ جان پال کو ٹیلی فون کر کے تعزیت کی اور کہا کہ پشاور میں عیسائی برادری کی عبادت گاہ پر حملہ صرف عیسائی برادری پر نہیں بلکہ پوری قم پر حملہ ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جو قائد اعظم محمد علی کا خواب تھا۔ایسا پاکستان جہاں تمام مذاہب کے لوگ آ زادانہ اپنی زندگیاں گزار سکے۔ بشپ جان پال نے اظہار یکجہتی پر الطاف حسین اور متحدہ قومی مومنٹ لہ پوری قیادت کا شکریہ ادا کیا۔دریں اثناء متحدہ قومی مومنٹ سے تعلق رکھنے والے اقلیتی اراکین اسمبلی نے پشاور دھماکوں کو حیوانیت کی انتہا قرار دیتے ہوئے ان کی شدید مذمت کی ہے۔ایم کیو ایم کے ارکین قومی و صو بائی اسمبلی عارف مسیح، دیوان چند چاوٴلہ اور پنچومل بھیل نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ پشاور میں چرچ پر بم حملہ نہ صرف دہشت گردی ہے بلکہ درندگی اور حیوانیت کی بد ترین مثال ہے۔ ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی کا کہنا تھ الطاف حسین سمیت پوری قوم اس واقعے پر مغموم ہے۔ وفاقی اور خیبر پختون خوا حکومت خون خوار اور درندہ صفت دہشت گردوں کو جلد گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دے۔