23 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 7:30
افغان طالبان رہنما ملا عبدالغنی برادر رہائی کے بعد پشاور سے کراچی پہنچ گئے
جیو نیوز - کراچی… افغان طالبان رہنما ملا عبدالغنی برادر رہائی کے بعد پشاور سے کراچی پہنچ گئے ہیں جہاں انھیں ایک محفوظ مقام پر پہنچادیا گیا ہے غیر ملکی خبرایجنسی نے پاکستان کے انٹیلی جنس ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیاہے کہ ملا برادر کو اتوار کی صبح ایک پرواز کے ذریعے پشاور سے کراچی میں لاکر ایک سیف ہاوٴس میں رکھا گیا ہے۔ ایک ذریعے کا یہ بھی کہناہے کہ ملا برادر کراچی میں واقع اپنے گھر میں واپس آگئے ہیں جہاں سے 2010ء میں انھیں پاک امریکا مشترکہ آپریشن میں گرفتار کیا گیا تھا۔پاکستان یہ پہلے ہی واضح کر چکا ہے کہ ملا برادر کو براہِ راست افغانستان کے حوالے نہیں کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے تمام معاملات پاکستان، افغانستان اور امریکا مل کر طے کریں گے۔یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ملا برادر کتنا عرصہ کراچی میں رہیں گے۔ ذرائع کے مطابق انھیں ترکی ،سعودی عرب یا دبئی بھیجاجا سکتا ہے۔ملا برادر کی رہائی ایسے وقت کی گئی ہے، جب اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 68ویں اجلاس میں شرکت کے لیے وزیرِ اعظم نواز شریف بھی امریکا پہنچ رہے ہیں۔ وزیرِ اعظم آج نیو یارک پہنچیں گے ۔ جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر ان کی امریکی صدر اوباما سے ملاقات کے ساتھ بھارتی وزیرِ اعظم من موہن سنگھ سے بھی ملاقات متوقع ہے۔