تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
23 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 8:19

پاکستانی عوام نے مسیحی برادری کیخلاف دھماکوں کی مذمت کردی

جیو نیوز - کراچی/لاہور/کوئٹہ/پشاور…پاکستانی عوام نے مسیحی برادری کے خلاف ہونے والے دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے۔ شہر شہراحتجاجی مظاہرے کرکے دہشت گردی کے اس واقعے کو یکسر مسترد کردیا گیا۔پشاور میں کوہاٹی چرچ دھماکوں میں جاں بحق ہونے والوں کے تابوت اٹھائے ان کے لواحقین جی ٹی روڈ پر سورئے پل چوک پہنچے اور لاشیں سڑک پر رکھ کر شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے حکومت اور انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے۔پشاوردھماکوں کے خلاف لاہورمیں مسیحی برادری کا سب سے بڑا مظاہرہ یوحناآباد کے علاقے میں ہوا جہاں مظاہرین نے فیروز پور روڈ پر ٹریفک بلاک کردی۔ مسیحی برادری نے لاہور پریس کلب کے سامنے بھی شدیداحتجاج کیا اورٹائر جلاکر ٹریفک بلاک کر دی،انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔پنجاب اسمبلی کے سامنے فیصل چوک میں مسیحی برادری نے متاثرین سے یکجہتی اورامن کیلئے شمعیں روشن کیں، گلاب دیوی اسپتال اور شاہدرہ میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔سانحہ پشاور کی اطلاع ملتے ہی راولپنڈی ، اسلام آباد کی مسیحی برادری سٹرکوں پر نکل آئی اور دیر تک سراپا احتجا ج رہی۔ مظاہرین نے راولپنڈی میں لیاقت باغ اور فیض آباد میں ٹائر جلا کر احتجاج کیا اور سڑک بلاک کردی، اسلام آباد ایکسپریس وے اور زیرو پوائنٹ پر بھی دہشت گردی کے خلاف مظاہرہ کیا گیا۔کراچی میں بھی عیسٰی نگری،ناتھ خان گوٹھ،کورنگی، ناگن چورنگی اور صدر سمیت متعدد مقامات پرمظاہرے کیے گیے،عیسٰی نگری پر مظاہرے میں مشتعل افراد نے ہوائی فائرنگ بھی کی۔ ناتھا خان پل کے قریب مظاہرے کے شرکا نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین میں خواتین اوربچوں کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔کوئٹہ میں مسیحی برادری کے افراد پہلے زرغون روڈ اور بعد میں پریس کلب پر جمع ہوکر احتجاج کیا، کچھ مظاہرین نے دھرنا دیا اورٹائر جلا کر زرغون روڈ بند کردی، مشتعل افراد نے جناح روڈ پر دکانیں بھی بند کرادیں۔ مظاہرین نے چرچ دھماکوں کے خلاف نعرے لگائے اورملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔عیسائی برادری سے اظہار یک جہتی کے لئے بلوچستان متحدہ محاذ نے بھی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے پشاور بم دھماکوں کی شدید مذمت کی اور اقلیتی برادری سمیت عوام کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.