تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
23 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 20:23

سانحہ پشاور ، وزیر اعظم کے دورہ امریکہ کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے،حامد موسوی

جیو نیوز - اسلام آباد…سرپرست اعلیٰ سپریم شیعہ علماء بورڈ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شا ہ موسوی نے واضح کیا ہے کہ اسلام امن و سلامتی کا پرچارک ہے جو افراط وتفریط ،عصبیتوں اور ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے ،کسی فرد واحد کا فعل پورے مکتب کا فعل قرار نہیں دیا جا سکتا ،دہشت گردی کا گھناؤنا کھیل گروپوں کی لڑائی ہے جوبیرونی قوتوں کے اشاروں پرپاک سر زمین پر لڑی جا رہی ہے ،سانحہ چرچ پشاور میں لقمہ اجل بننے والے اس دھرتی کے بیٹے ہیں اسی لئے تحریک نفاذفقہ جعفریہ سمیت دینی و سیاسی جماعتوں اور وفاقی و صوبائی حکومتوں نے مسیحی برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے سوگ منانے کا اعلان کر رکھاہے ۔یہ بات انہوں نے سوموار کو سانحہ پشاور کے تین روزہ سوگ کی مناسبت سے علمائے کرا م اور عمائدین ٹی این ایف جے کے تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔آقای موسوی نے باور کرایا کہ پاکستان پر شیطانی قوتوں کی جانب سے عرصہ دراز سے جاری دہشت گردی یلغار میں مساجد ،امام بارگاہیں ،مندر ،گرجا گھر ،معبد ،صومعات،غرضیکہ عبادتگاہوں اور ہر شعبہ زندگی کو ٹارگٹ بنایا جا چکا ہے جس سے یہ بات زور روشن کی طرح عیاں ہو گئی ہے کہ وطن عزیز میں کوئی مکتبی و گروہی تنازعہ نہیں اور تمام باسیوں کے دکھ سکھ سانجھے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اے پی سی کے بعد جو امیدامن کی کرن پید اہوئی تھی وہ اعلیٰ عسکری افسران کی شہادتوں ،کراچی کے اما م بارگاہ ،پشاور کی مسجد پیر انور اور گزشتہ روز پاکستان چرچ میں ہونے والی ہولناک دہشت گردی کی وجہ سے بجھ کر رہ گئی ہے ۔انھوں نے کہا کہ سانحہ پشاور وزیر اعظم کے دورہ امریکہ کو سبوتاژ کرنے اور دباؤ بڑھانے کی سازش ہے لہذا حکومت ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے سنجیدہ قدم اٹھائے قوم انسداد دہشت گردی کے نیک کام میں تعاون کیلئے تیار ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کا ہرشہری قابل احترام ہے لہذا کسی کو احساس محرومی و کمتری میں مبتلا نہ کیا جائے ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.